خبرنامہ

پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے،آئندہ الیکشن میں بھی ہم جیتیں گے، وزیر اعظم

کالا شاہ کاکو(آئی این پی ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ہمارے خلاف احتساب کی باتیں کر نے والوں کا احتساب تو عوام نے کچھ روز قبل ضمنی انتخاب میں کرلیا ، اب وہ بھول جائیں کہ انہیں کوئی موقع ملے گا کیوں کہ عوام ملک میں ترقی چاہتے ہیں، پنڈی کا سیاست دان طوطے کی طرح فال نکالتا ہے کہ اس سال حکومت چلی جائے گی لیکن ساڑھے 3 سال میں کچھ نہیں ہوا تو اگلے ڈیڑھ سال بھی گزر جائیں گے،حکومت گرنے کی افواہیں پھیلانے والے اپنے مقاصد میں کامیا ب نہیں ہونگے جب کہ آئندہ عام انتخابات میں ہم کامیاب ہوکر دوبارہ حکومت بنائیں گے،ا س کوآئندہ الیکشن میں ممبر اسمبلی بننے کا موقع بھی نہیں ملے گا،آئندہ دو سال بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی ،ہم نہیں پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ، حکومت کی اصلاحات کے باعث بجلی کے کارخانے ہر جگہ لگ رہے ہیں،ہمارا شیوہ جھوٹ ، تہمت اور الزام تراشی نہیں ، ہم اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کر رہے ہیں ، جمعہ کو لاہور ایسٹرن بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کہا کہ آپ کا پیار مجھے یہاں کھینچ لایا ہے ۔ مجھے ججوں کی بحالی کے دوران بھی کالا شاہ کاکو کی عوام کا بہت پیار ملا تھا جو مجھے آج تک یاد ہے ۔ آپ کی محبت میں میں نے سوچا کہ آپ کے لئے کچھ کروں ۔ کالا شاہ کاکو کے لوگوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کے پاس ہوں کل گوادر اور سبی کے عوام کے پاس تھا ۔ ہم پورے پاکستان کی یکساں ترقی کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ہیں اور گوادر ہماری ترقی کا مرکز بن چکا ہے ۔ پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کرنا ہمارا خواب ہے اور گوادر پورے ملک کا فخر بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ حکومت ملک میں 40 نئے ہسپتال بنانے جا رہی ہے جو 10 ہزار بیڈز پر مشتمل ہونگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں اور بجلی کی کمی تو کافی حد تک کنٹرول کر لیا ہے خدا نے چاہا تو 2018 تک بجلی کی کمی کو مکمل طور پر پورا کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی ترپقی کو پاکستانی ہی نہیں بلکہ عالمی برادری بھی تسلیم کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جھوٹ نہیں بولتے جو بات کہتے ہیں اس کو پورا کرتے ہیں ۔ ہمارا شیوہ جھوٹ ، تہمت اور الزام تراشی نہیں ہے ہم اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کا ایک سیاستدان جس کو آپ اچھی طرح جانتے ہیں وہ ہر مہینے حکومت کے ختم ہونے کی افواہیں پھیلاتا رہتا ہے یہ پنڈی کا سیاستدان ٹی وی چینل پر بیٹھ کر طوطا فالیں نکالتا ہے اس کو تاریخیں دیتے ہوئے ساڑھے تین سال گزر گئے ہیں اور باقی کا ڈیڑھ سال بھی انشاءاللہ یونہی عوام کی خدمت کرتے گزر جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی ہم کامیابی حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حکومت مسلسل کامیابیاں حاصل کررہی ہیں جو حکومت کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کنٹینر پر چڑھ کر ترقی کا راستہ بولنے والے لوگ بھی موجود ہیں جن سے پاکستان کی ترقی کسی صورت برداشت نہیں ہوئی مگر عوام غربت ، بھوک اور بے روزگاری سے نجات چاہتے ہیں ۔ پاکستانی عوام ملک کو ترقی کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عوامی ترقی کے ایجنڈے پر فوکس کئے ہوئے ہیں ۔ کالا شاہ کاکو سے 16.5 کلومیٹر طویل بائی پاس تعمیر کیا جائے گا جس پر 28 ارب روپے لاگت آئے گی ۔ وزیر اعظم نے کالا شاہ کاکو سے بدو ملہی روڈ کی تعمیر اور امامیہ کالونی ، ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ سڑک بنانے کی منظوری بھی دے دی ۔ لاہور ایسٹرن بائی پاس مجموعی طورپر چھ لین پر مشتمل ہو گا اور ہر لین کی چوڑائی 365 میٹر اور بیرونی شولڈر تین میٹر ہو گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جو عوام سے وعدے کرتے ہیں وہ پورے کرکے دکھاے ہیں ۔وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ہمارے خلاف احتساب کی باتیں کررہے ہیں ان کا احتساب تو عوام نے کچھ روز قبل ضمنی انتخاب میں کرلیا اور اب وہ بھول جائیں کہ انہیں کوئی موقع ملے گا کیوں کہ عوام ملک میں ترقی چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں اسکول، اسپتال، موٹروے بنیں جو ہم انہیں بنا کردے رہے ہیں۔ انہوں کالاشاہ کاکو میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں ایسٹرن بائی باس کا کام شروع کروانے آیا ہوں جس کی بدولت آپ سیدھا لاہور پہنچیں گے۔….