خبرنامہ

پاکستان سے حمزہ خان 37 سال بعد ورلڈ جونئیر اسکواش کا چیمپئن بن گیا

پاکستان سے حمزہ خان 37 سال بعد ورلڈ جونئیر اسکواش کا چیمپئن بن گیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے محمد حمزہ خان نے میلبرن میں کھیلی گئی جونئیر چیمپئن شپ کے فائنل میں مصر کے محمد ذکریا کو 1-3 سے شکست دیکر تاریخ دہرائی۔

1986 کے بعد حمزہ پہلے پاکستانی بنے ہیں جنہوں نے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کی۔ ان سے قبل جان شیر خان نے آخری بار پاکستان کو ٹائٹل جتوایا تھا۔

حمزہ خان آرمی کوچ آصف خان کی نگرانی میں دو ماہ تک ٹریننگ کے بعد آسٹریلیا گئے تھے، پاکستان اسکواش فیڈریشن نے حمزہ خان کو چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے وطن واپسی پر انکا شاندار استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ خان سمیت انکے والدین اور کوچ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 37 سال بعد یہ ٹائٹل پھر سے پاکستان کے نام کرنے پر حمزہ خان آپ کا شکریہ۔

وزیراعظم نے کہا 15 ماہ کے دور میں کوہ پیمائی، باکسنگ، سکواش اور دیگر کھیلوں میں پاکستان نے کئی اعزاز اپنے نام کیے۔ امید ہے کہ آنے والے وقت میں آپ اسکواش میں پاکستان کو ایک بار پھر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

حمزہ خان کے کوچ آصف خان نے کہا ہے کہ اس تاریخی فتح میں پوری قوم کی دعاؤں کے ساتھ حمزہ خان کی محنت اور پاکستان آرمی کی عمدہ کاوشوں کا نمایاں دخل ہے۔ اگر توجہ دی جائے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی اسکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔

آصف خان نے کہا کہ حمزہ خان کے لیے اس فتح تک پہنچنا آسان نہیں تھا۔ کھیل کی بہترین سہولیات اور اچھے ماحول سمیت متعلقہ مراعات کی فراہمی کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

واضح رہے کہ حمزہ خان نے اپنے مضبوط مصری حریف محمد زکریا کو 1-3 سے شکست دے کر عالمی جونیئر سکواش چیمپین ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، قبل ازیں 37 برس قبل 1986 میں جان شیر خان نےاسٹریلیا کے شہر برسبین میں عالمی جونیئر چیمپین شپ جیتی تھی جبکہ 1982 میں سہیل قیصر مرحوم پاکستان کے پہلے عالمی جونیئر اسکواش چیمپین بنےتھے۔

واضح رہے کہ قومی پلئیر حمزہ خان قومی سطح پر آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ وہ اِس وقت جونیئر عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔