آزاد کشمیر:(آئی این پی) آزاد کشمیر میں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مسعود خان 42 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے۔ صدر کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی میں مسعود خان مسلم لیگ ن اور چوہدری لطیف اکبر پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدوار تھے۔ مسعود خان کو 42 جبکہ چوہدری لطیف کو 6 ووٹ ملے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 48 اراکین جبکہ کشمیر کونسل کے 7 اراکین نے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ اپوزیشن کی جماعتوں مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جبکہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان نے ابھی تک اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا لہٰذا وہ اپنا ووٹ استعمال نہیں کر سکے۔ ایوان میں مسلم لیگ ن کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔