خبرنامہ

پاکستان میں سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے: وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب کو یقین دہانی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب سے گفتگو میں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں تعینات سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ مذموم واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے اور گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی کو ٹیلی فون کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں چینی وزیر خارجہ کو قونصلیٹ پر دہشت گردی کے واقعے سے متعلق سے آگاہ کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بروقت کارروائی کر کے حملہ آوروں کو جہنم واصل کیا، بزدلانہ کارروائیاں پاک چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہوسکتیں۔ پاکستان میں تعینات سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ایسی کوششوں کو مل کر کچل دیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ ریاست مخالف عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

انہوں نے چینی ہم منصب کو یقین دہانی کروائی کہ مذموم واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے، گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ نے فورسز کی بروقت کارروائی پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے واقعے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

بعد ازاں فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔