خیرپور ٹامیوالی:(ملت+اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے پاکستانی افواج دنیا کی بہترین لڑاکا فورس ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو چکا ہے۔ خیرپور ٹامیوالی میں ہونے والی رعدالبرق مشقوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشقیں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار اور ہماری افواج دنیا کی بہترین لڑاکا فورس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے لیکن مسلح افواج اندرونی بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور طریقے تیار ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا بہترین مظہر ہے اور اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے نا صرف پاکستان اور چین بلکے پورے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دیگر ملکوں کے معاملات میں عدم توازن پر یقین رکھتی ہے اور بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہے لیکن بھارت کی جانب سے لائن آّف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، بھارت کی جانب سے ایل او سی پر ہمارے سویلین اور فوجی جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے، ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا تنازع ہے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل ہونا چاہیئے۔