خبرنامہ

پاکستان کی امن پسندی کو کمزور نہ سمجھا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ،بھارت کے ایل او سی پر جارحیت کے باوجود پاکستان تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،پاکستان کے صبر وتحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ایسے ہتھکنڈوں سے پاکستان کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا،بھارتی فوج کا ایل او سی پر کشیدگی بڑھانا علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے،ایل او سی پر کشیدگی بڑھانا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے ناکام کوشش ہے،اقوام متحدہ ایل او سی پر بھارت کی جنگ بندی معائدہ کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت ایل او سی کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں ناصرخان جنجوعہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کو ایل او سی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر مشیر خارجہ نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ پر حکومتی ردعمل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر پر بھارتی فوج کی حالیہ بلااشتعال فائرنگ سے 7پاکستانی فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور اس پر پاکستانی حکومت نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے اب تک 26شہری شہید اور 107زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی فوج 2003کے سیز فائر معاہدے اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم میاں نوازشریف نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،پاکستان کے صبروتحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایسے ہتھکنڈوں سے پاکستان کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا،پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کا ایل او سی پر کشیدگی بڑھانا علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم ڈھارہا ہے،ایل او سی پر بھارت کا کشیدگی بڑھانا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اقوام متحدہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کے جنگ بندی معائدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی بڑھانے کا نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ ہماری افواج نے ایل او سی پر فائر کرنے میں کبھی بھی پہل نہیں کی،پاک فوج ہمیشہ جارحیت کا بھرپور جواب دیتی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم میاں نوازشریف کو حالیہ صدارتی انتخابات کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پاکستان کے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مضبوط تذویراتی شراکت داری 7دہائیوں پر مشتمل ہے،پاکستان امریکہ کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے،خطے میں امن ،سلامتی اور خوشحالی کیلئے پاکستان امریکہ اچھے تعلقات ناگزیر ہیں۔