خبرنامہ

پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ مسترد

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منۃ توڑ جواب دیا ہے، آئندہ بھی بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج کی بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان نے ’’پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک‘‘کے حوالے سے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس جھوٹے دعوے کو بھارتی میڈیا کیساتھ شیئر کرنے کا انتخاب کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے جھوٹے ،من گھڑت اور غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں پہلے سے مخدوش سکیورٹی کی صورتحال میں مزید اضافے کاباعث بن سکتے ہیں،خصوصاً ایسے وقت میں جبکہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج کی بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جان بوجھ کر کنٹرول لائن پر تناؤ کی صورتحال پیدا کرنے اور عالمی برادری اور اپنے لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،پاکستان اپنے عوام اور اپنی سرحدوں کوکسی بھی بھارتی جارحیت یا پاکستان کی سرزمین پر انڈین سپانسر دہشت گردی سے تحفظ اور دفاع کیلئے ہر دم تیار ہے۔