خبرنامہ

پاکستان ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاکستان نے امریکا کے نئے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب تنازعات کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،امریکا کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور انہیں مزیدمستحکم بنانے کیلئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کا بھرپور خیرمقدم کیا جائے گا۔بھارت کے تمام تر منفی اقدامات کے باوجود باوجود پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔کشمیر سمیت تمام مسائل کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے۔جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ وزیراعظم کی طرف سے نئے منتخب صدر کو مبارکباد دینے کیلئے معمول کی خصوصی کال تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کا بھرپور خیرمقدم کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر نے پہلے بھی کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔امریکی حکام نے بھی کئی مواقع پر اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔دونوں ملک دہشت گردی سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی بڑھا رہا ہے جو بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہمارے لیے باعث تشویش ہیں،لیکن اس کے باوجود پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سالامتی کونسل کے مستقل ارکان سمیت تمام عالمی برادری سے مطالبہ کی اہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ حل کرنے میں اپنا کرادر ادا کریں۔وزیر اعظم نے ہمیشہ تمام عالمی فورمز کے علاوہ کئی دوست ممالک کے سامنے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے شہر امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے جو افغانستان میں امن واستحکام کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس ماضی کے اجلاسوں کا تسلسل ہے افغانستان اور خطے میں امن و استحکام لانے میں ہر ملک کا اپنا کردار ہے ۔پاکستان افغانستان میں قیام امن کے کششوں کیلئے پر عزم ہے۔پاک روس تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاک روس تعلقات میں بہتری پر تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے۔دونوں ملک توانائی اوردفاع سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔