اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سرحدی کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والی پارلیمانی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت تمام جماعتوں کی قیادت شرکت کر رہی ہے ۔ حکومت پر کڑی تنقید کرنے والے رہنما ملکی صورتحال پر اپنا مؤقف رکھیں گے۔ تحریک انصاف کی نمائندگی شاہ محمود قریشی، ایم کیو ایم کے فاروق ستار، مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین، اے این پی کے غلام احمد بلور اور جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمٰن کو مدعو کیا گیا۔ حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دعوت نہیں دی۔ جس پر عمران خان نے احتجاج کیا اور شیخ رشید کو بھی بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ تمام جماعتوں نے دعوت قبول کر لی۔ جن دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ان میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ جتوئی، مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ راشدی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے میر اسرار اللہ زہری، مسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق اور فاٹا سے ڈاکٹر غازی گلاب جمال شامل ہیں۔