خبرنامہ

پمزاسپتال میں شہبازشریف کا طبی معائنہ، سفر کی اجازت ملنے پر لاہورمنتقل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست میں موجود مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اسلام آباد کے پمز اسپتال میں طبی معائنہ ہوا، جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے سفر کی اجازت ملنے پر انہیں لاہور منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں اِن دنوں نیب لاہور کی تحویل میں ہیں، انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی غرض سے راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد لایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا طبی معائنہ پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے کیا اور انہیں سفر کی اجازت دی، جس کے بعد نیب ٹیم شہباز شریف کو لےکرلاہور پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل شہباز شریف کے خون کی تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد پولی کلینک کے ڈاکٹروں نے ان کے خون کے نمونے حاصل کرنے کے علاوہ ان کاسی ٹی اسکین کیا تھا۔

دوسری جانب ڈاکٹروں نے شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ تشکیل دینے کی سفارش بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔