پٹرول کے بعد بجلی مہنگی، ہفتہ وار قیمتوں میں بھی اضافہ، مہنگائی 0.67 فیصد بڑھ کر 15.21 ہوگئی، گھریلو صارفین پر کمرشل سے زیادہ بوجھ
پٹرول کے بعد بجلی مہنگی ، گھریلو صارفین پر کمرشل سے زیادہ بوجھ، 200سے زائد یونٹ کےاستعمال پرگھریلوصارفین کیلئے بجلی ایک روپے 68پیسے مہنگی، کمرشل، صنعتوں اور باقی شعبوں کیلئے فی یونٹ ایک روپیہ39پیسے اضافہ، ہفتہ وار قیمتوں میں بھی اضافہ،مہنگائی 0.67فیصد بڑھ کر15.21ہوگئی،کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 16.43پرپہنچ گئی،آٹا، چھوٹا بڑا گوشت، ٹماٹر، انڈے، صابن، چاول، چائے، لہسن اور گڑ مہنگے، پیاز، دال مونگ اور مرغی کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔تفصیلات کےمطابق نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68پیسے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری دے دی، ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے بجلی مہنگی نہیں ہو گی،نیپرا کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد یونٹ کےاستعمال پرگھریلوصارفین کیلئے بجلی ایک روپے 68 پیسے مہنگی ہوگی جبکہ کمرشل، صنعتوں اور باقی شعبوں کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپیہ 39 پیسے اضافہ ہوگا۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف میں کیا گیا ہے اور اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کیلئے ہو گا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر 2021سے ہوگا، بجلی کی قیمت میں اضافے سے حکومت کو سالانہ 135ارب روپے حاصل ہوں گے۔دوسری جانب ملک میں ہفتہ رفتہ کے دوران مرغی، دالوں اور پیاز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا اور 28 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 4 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران جن چیزوں کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ان میں چکن (2.06فیصد)، دال مونگ (9.39فیصد) اور پیاز کی قیمت میں (3.12فیصد) کی کمی شامل ہیں۔ مذکورہ ہفتہ کے دوران 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.67فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی ہفتہ وارمجموعی شرح 15.21 ہوگئی جبکہ کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 16.43 پرپہنچ گئی۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 28 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر اوسط 20 روپے 9 پیسے فی کلو، چینی اوسط 5 روپے 56 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ ایک ہفتے میں ایل پی جی کا سلنڈر 77 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں گھی کی فی کلو قیمت 10 روپے 21 پیسے بڑھی، انڈے 3 روپے 60 پیسے فی درجن اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا4 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں بیف کی قیمت میں اوسط 5 روپے34 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ آلو، مٹن، لہسن اورگڑ بھی مہنگا ہوا۔ سال بہ سال کی بنیاد پر گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں جن اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، ان میں پیاز کی قیمت میں (41.63) فیصد، دال مونگ (31.20 ) فیصد، آلو (20.60) فیصد, ٹماٹر (15.69) فیصد اور دال ماش کی قیمت میں (0.76) فیصد کی کمی شامل ہے۔صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیا جاتاہے