خبرنامہ

پی آئی ٹی بی کی ‘قیمت پنجاب’موبائل ایپ سے رمضان میں 30 ہزار شہریوں کا استفادہ

موبائل ایپ کے ذریعے 13سو سے زائد شکایات کا اندراج‘ 873حل‘451زیرالتوا

لاہور(3جون2019) اشیائے خورونوش کی قیمتیں جاننے اور متعلقہ شکایات کے اندراج کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی وضع کردہ موبائل فون ایپلی کیشن ”قیمت پنجاب” سے رمضان المبارک میں تیس ہزار سے زائد شہریوں نے استفادہ کیا۔ ایپ کے ذریعے 1324 اندراج شدہ شکایات میں سے 873 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 451 زیر التوا ہیں۔ ایپ کے ذریعے شہریوں کی نشاندہی پر گراں فروشی کرنیوالے دکانداروں سے رمضان کے دوران 13 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔ایک جائزہ اجلاس میں چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ اظفر منظور نے پی آئی ٹی بی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے موبائل ایپ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف نے کہا کہ ایپ سے شہریوں کو اشیائے خورونوش کی خریداری میں قابل قدر ریلیف حاصل ہوا۔ گراں فروشی کی روک تھام کیلئے یہ ایپ رمضان سے ایک ہفتہ قبل پنجاب کے 36 اضلاع میں لانچ کی گئی تھی جسے اب تک30 ہزار سے زائد شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں