خبرنامہ

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ڈیم فنڈریزنگ مہم کے سلسلے میں برطانیہ کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ڈیم فنڈریزنگ مہم کے سلسلے میں برطانیہ کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

پاکستان روانگی سے قبل لندن میں گفتگو کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جو تحریک انہوں نے شروع کردی ہے اس کی محافظ پوری قوم ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی محبت وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار 20 نومبر کو نجی دورے پر برطانیہ روانہ ہوئے تھے، جہاں انہوں نے لندن، برمنگھم اور مانچسٹر میں ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ ریزنگ تقاریب میں شرکت کی۔

ڈیم کی تعمیر کے لیے نجی ٹی وی چینل سے جمعہ (23 نومبر) کو مانچسٹر سے لائیو ٹیلیتھون بھی ہوئی، 4 گھنٹے پر محیط ٹیلی تھون میں مجموعی طور پر 20 لاکھ 98 ہزار پاؤنڈ سے زائد کے عطیات اور اعلانات کیے گئے، جو 36 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتے ہیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انھیں کچھ ‘بڑوں’ سے توقع تھی مگر انہوں نے ڈیم فنڈ میں خاطر خواہ حصہ نہیں ڈالا، لیکن وہ اربوں روپے لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں سے حساب لیں گے، جس کے بعد ڈیم فنڈ کے لیے مزید چندے کی ضرورت نہیں رہے گی۔