خبرنامہ

چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ میں مزید ایک ہزار پاؤنڈ دینےکااعلان

لندن :(ملت آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیم فنڈ میں ایک ہزار پاؤنڈ مزید دینے کا اعلان کردیا جبکہ سمندرپار پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ میں تریپن لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ دیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے عطیات کا سلسلہ جاری ہے ، ڈیم فنڈریزنگ کے سلسلے میں ایک تقریب لندن کے ایک نجی ہوٹل میں ہوئی۔

جس میں سمندرپار پاکستانیوں کی جانب سےڈیم فنڈمیں تریپن لاکھ پاؤنڈکا عطیہ دیا گیا جبکہ چیف جسٹس نے بھی ڈیم فنڈ میں ایک ہزار پاؤنڈ مزید دینے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اس سے پہلے بھی ڈیم فنڈ کیلئے بیس لاکھ روپے دے چکے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد ملک ایک بہت بڑی نعمت ہے، قائداعظم محمدعلی جناح پاکستان کے عاشق تھے، آج بھی ایسے لوگوں کی ضرورت ہے، جو پاکستان سے عشق کرتے ہوں، سمندر پار پاکستانی ملک کے سب سے بڑے عاشق ہیں ، ببانگ دہل کہتا ہوں میرا کوئی سیاسی مقصد نہیں ، فلاح انسانیت ہی میرااولین مقصدہے۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ زندگی کاوجودپانی کےساتھ ہے، پانی اورپاکستان کاوجودمنسلک ہے، آئندہ نسلوں کوپانی کی وجہ سےزندگیوں سے محروم نہیں ہونے دوں گا، کہتے ہیں دریائے سندھ پر ڈیمز بننے نہیں دیں گے، دریائے سندھ پرایک نہیں بیسیوں ڈیم بنیں گے، ڈیمز کی تعمیر کا حکم سپریم کورٹ نے دیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ڈیمزہرصورت بنیں گے،حکومت سپریم کورٹ کےفیصلےپرعمل کررہی ہے، دریائے سندھ پر ڈیمز کی تعمیر سے کوئی نہیں روک سکتا، کوئی یہ سوچے بھی نہ کہ ڈیمز کی تعمیر میں رکاوٹ ڈال سکتا ہے۔

یاد رہے ستمبر میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ایک لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا، اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

واضح رہے6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

بعد ازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سب سے پہلے ڈیموں کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا تھا پھر میئر کراچی اور پیر پگارا نے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی اور وسیم اختر نے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 15 لاکھ جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار حمزہ علی عباسی سمیت ملک میں بسنے والے دیگر لوگوں نے بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ ڈالا، شاہد آفریدی نے اپنی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا بعدازاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے بھی 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔

سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے 14 جولائی کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا جس میں تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کمرشل سماجی ذمہ داری کے تحت ڈیموں کی تعمیر میں عطیات دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔