اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز پورا سال 140 روپے ایکس فیکٹری ریٹ یقینی بنائیں۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں چینی کی برآمد سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چینی برآمد نہ ہوئی تو آئندہ سیزن میں شوگر ملز دیوالیہ ہوجائیں گی اور آئندہ سیزن میں 40 شوگر ملز بند ہو جائیں گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگر ملز نے رواں سیزن گنے کے کاشتکاروں کو 800 ارب روپے میں سے 760 ارب روپے ادا کیے، شوگر ملز نے رواں سیزن کاشت کاروں کو اب بھی 40 ارب روپے ادا کرنے ہیں، چینی برآمد نہ ہوئی تو شوگر ملز نومبر میں کرشنگ نہیں کر سکیں گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، 5 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی تو 26کروڑ ڈالر حاصل ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا چینی کی برآمد کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی چینی کے اسٹاک اور عالمی مارکیٹ کا جائزہ لے، ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، شوگر ملز پورا سال 140 روپے ایکس فیکٹری قیمت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائیں۔