خبرنامہ

ڈالر کی قیمت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لیں،مریم اورنگزیب

وفاقی حکومت فنانس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی شرائط مان لیں۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرلیا اور عوام سے جھوٹ بولا، عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے 100 دن کی تقریب میں گزشتہ روز جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، فریبی اور جعلی حکومت کا راتوں رات ایک اور بڑا ڈاکہ اور قوم سے دھوکہ سامنے آگیا۔

ترجمان مسلم (ن) کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی، قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل عمران حکومت کے بس کی بات نہیں، وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ انڈے مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کٹے، مرغیوں اور انڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے کا فارمولا دینے والے سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔