اسلام آباد: ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سینیٹ میں قرارداد منظور کرلی گئی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہوا جس میں جے یو آئی (ف) کے سینیٹر طلحہٰ محمود نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے قرارداد پیش کی جسے ایوانِ بالا نے منظور کرلیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ سینیٹ عافیہ صدیقی کی مسلسل قید پر اظہار تشویش کرتا ہے، ضرورت ہے کہ عافیہ کی رہائی کا معاملہ دوبارہ امریکا سے اٹھایا جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیاہےکہ حکومت عافیہ صدیقی کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔
چیئرمین سینیٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق منظور قرار داد دفتر خارجہ کو بھیجنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت قرارداد کی روشنی میں عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا رد عمل
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا ہےکہ پاکستانی قونصل خانہ ہیوسٹن میں گزشتہ تین سال میں 12 مرتبہ ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کرچکا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستانی حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات بھی کی ہے۔
واضح رہےکہ امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنی رہائی کی اپیل کی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان میں بھی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔