خبرنامہ

ڈھاکا میں ہائی کمیشن میں چوری،پاکستان کا شدید احتجاج

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں چوری کے خلاف دفترخارجہ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ڈھاکا میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر سیکشن میں داخل ہو کر قیمتی کمپیوٹر چوری کرلیے۔

انہوں نے بتایا کہ قونصلر سیکشن سے کمپیوٹر چوری کا معاملہ فوری طور پر بنگلہ دیشی پولیس کے علم میں لایا گیا اور اس حوالے سے ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ ( ایف آئی آر) بھی بنگلہ دیش کی پولیس کے پاس درج کروائی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر بنگلہ دیشی وزارت خارجہ سے شدید احتجاج کیا ہے اور بنگلہ دیشی وزارت خارجہ سے مذکورہ معاملے کا نوٹس لے کر سیکیورٹی مزید بڑھانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمیشن انتہائی محفوظ مقام پر واقع ہے اور وہاں چوری کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے ڈھاکا اور اسلام آباد میں موجود بنگلہ دیشی حکام سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بحیثیت میزبان بنگلہ دیش پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستانی ہائی کمیشن کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت پاکستانی ہائی کمیشن میں چوری کے معاملے کی تحقیقات کرکے ملزمان کو کٹہرے میں لائے۔