خبرنامہ

کشمیری اور پاکستانیوں کو جدا نہیں کیا جاسکتا‘ وزیراعظم محمد نواز شریف

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانیوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا‘ پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کے ساتھ ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے انتھک کوششیں کی جائیں گی۔ پیر کو یہاں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اجلاس نے پاکستان کو مضبوط اور کشمیر کے کاز کو مزید مستحکم بنایا ہے۔ ہم قومی اہمیت کے امور بالخصوص کشمیر کاز پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد مقامی ہے جس کا مینڈیٹ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے سنجیدہ آراء دیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی اچھی تجاویز دی گئیں اور جہاں تک ممکن ہو میری حکومت ان پر عمل درآمد کی کوشش کرے گی۔ قبل ازیں پارٹی رہنماؤں نے اپنے مختصر ریمارکس میں اس اہم موڑ پر حکومت کیلئے اپنی متعلقہ جماعتوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ اہم قومی ایشوز پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ہمیشہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس اس بات کا مظہر ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کاز کو موثر طور پر اجاگر کرنے کے وزیراعظم کے خطاب کی تعریف کی۔ قومی ایشوز سے متعلق خورشید شاہ نے کہا کہ پارٹی وابستگی سے قطع نظر ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے غیر ملکی سفارت خانوں کو فعال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے اسلامی ممالک کی حمایت پر زور دیا۔