اسلام آباد ۔3اکتوبر(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور موجودہ ملکی صورتحال پر پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بلانے کا مثبت فیصلہ ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے بھارت کو واضح پیغام گیا کہ کشمیر کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتیں یک جان ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلا کر درست فیصلہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے بھارت اور عالمی سطح پر بڑا واضح پیغام گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر ملک کی تمام چھوٹی بڑی جماعتیں یک جان اور ایک پیج پر کھڑی ہیں۔ انہوں نے آج کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے گزشتہ سال کے دھرنے سے ملک کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔