خبرنامہ

کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی )وزیراعظم محمد نواز شریف نے کشمیر کونسل کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عبدالخالق وصی اور چوہدری محمد صدیق کو واضح اکثریت سے کامیاب ہونے پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں نومنتخب ارکان آزادجموں کشمیر کے عوام کی فلاح بہبود اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے منشور کے مطابق وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کو آگے بڑھائیں گے۔ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو کشمیر میں بھی مکمل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ آزاد جموں کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر حالیہ انتخابات میں بھر پور اعتماد کا اظہار کیا جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہوئی۔ اب ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی خدمت اور آزادکشمیر میں سماجی اور معاشی ترقی پر صرف کرنی ہیں۔ ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا جو اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام کی جدوجہد آزادی کی تحریک کی ہر سطح پر اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔