اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) کنٹرول لائن اشتعال انگیزی پر برطانیہ کو تشویش ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ انہوں نے مشیر خارجہ سرتاج سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستانی معیشت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کی آزادی کی 70ویں سالگرہ پر تعلقات بہتر اور مزید مستحکم کریں گے۔ ملاقات میں مجموعی علاقائی صورتحال پر بات چیت بھی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی پر برطانیہ کو تشویش ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہم دونوں ملکوں سے مثبت مذاکرات کی توقع رکھتے ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب امور کا مکمل حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت انسانی وسائل مستقبل کی ترقی کے لیے صرف کریں، مسائل کا حل صرف مذاکرات میں مضمر ہے۔ اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ایل او سی اور کشمیر کی صورتحال پر بریف کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ سے ہماری تشویش کو سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کی خواہش ظاہر کی ہے۔