کراچی … گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں لگنے والی آگ پر 24 گھنٹے گذارنے کے باوجود قابو نہ پایا جا سکا ، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ جہاز میں کسی کے بچنے کی امید کم ہے ۔ ذرائع کے مطابق جہاز کے ملبے سے رات گئے مزید تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ۔ جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ۔ 66 سے زائد زخمی کراچی اور لسبیلہ کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے ۔ ریسکیو آپریشن رات کے اندھیرے کے باعث روک دیا گیا تھا ۔ صبح کو ایدھی کے سو رضا کاروں نے دو کشتیوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ دوسری جانب کراچی سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں جو دھماکوں کی نوعیت کا جائزہ لیں گی ۔ سماجی کارکن فیصل ایدھی کے مطابق جہاز کے اندر کسی کے زندہ ہونے کی امید نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح جہاز میں 2 سلنڈر دھماکے ہوئے ۔ دھماکے کی وجہ سے ہزاروں ٹن وزنی چھت کیلے کے چھلکے کی طرح اڑ گئی ۔ کئی مزدوروں کی لاشیں کافی فاصلے سے ملی تھیں ۔