کراچی ۔(ملت آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف قوم کو بہتر پاکستان دے کر جانا ہے، تعلیم میں ترقی کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، پاکستان کے نظام تعلیم کو بہتر بنانا ترجیح ہے، نجی شعبہ نادار افراد کی تعلیم کے لئے بھی کام کرے۔ بیکن ہاؤس کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا لیکن ہم اس کے جواب میں بہت کچھ نہیں کر سکے، ہمارا ہدف قوم کو بہتر پاکستان دے کر جانا ہے، پاکستان کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو نئے دور کے مطابق تعلیم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نجی شعبہ پر زور دیا کہ وہ نادار افراد کے لئے بھی تعلیم کی فراہمی پر کام کرے، تعلیم کے شعبے کے لئے ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہو ں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں انہوں نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے سرکاری سکولوں کی بہتری کے لئے انہوں نے کام کیا۔ صدرمملکت نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کا استعمال ترقی کے لئے بہت اہم ہے۔ صدر نے اس موقع پر کہا کہ وہ صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سینما میں فلم دیکھنے گئے وہاں سے واپس آ کر انہوں نے ٹوئٹر پر اس کا ذکر کیا تو لوگوں نے کہا کہ صدر کے پاس کرنے کو کوئی کام نہیںِ ہے تاہم اس عمل کو سراہا بھی گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب 2013ء میں قومی اسمبلی کے رکن بنے تو وہ ایوان میں اپنا لیپ ٹاپ ساتھ لے کر گئے جس پر اس وقت کے ڈپٹی سپیکر نے انہیں کہا کہ ایوان میں لیپ ٹاپ لانے کی اجازت نہیں ہے جس پر میں انہیں بتایا کہ اس میں میرا ڈیٹا ہے، یہی فیصلہ سازوں اور نئی نسل کے درمیان خلیج ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے جدت اور تقابلی سوچ ہمیشہ اہم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسانی سوچ میں لچک پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ تبدیلی کا بھی نام ہے۔