خبرنامہ

ہمارے ہتھیاردفاع کے لیے ہیں اوراپنےملک کےدفاع کے لیے ہرقدم اٹھائیں گے، صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہتھیار دفاع کے لیے ہیں اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔

کراچی میں منعقدہ دفاعی نمائش ‘آئیڈیاز 2018’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ نمائش کے انعقاد پرانتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صدرعارف علوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم ہے جو دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے اورہمیں اس کے شہدا پر فخر ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ہماری معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی گئی، پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے جہاں آئین عام شہری کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے، عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے، حکومت نئے پاکستان کے حصول کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام پرواقع ہے اور ہم علاقائی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتے ہیں، خطے کی ترقی علاقائی امن و امان سے وابستہ ہیں اور خطے کے مسائل جنگ سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کو مذاکرات کی میز پرآنا ہوگا، طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق کو نہیں دبایا جاسکتا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسائل کو دبانے کے بجائے انہیں حل کیا جائے۔