نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے ہم غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں۔اسلام آباد میں بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور بچوں کی فلاح و بہود کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، معاشرے کے تمام طبقات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے حقوق کے لیے ریاست کریں۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست سمجھتی ہے کہ وہ ملٹری کی وجہ سے بہت طاقتور ہے لیکن پیشہ ورانہ افواج مقابل فوجوں سے لڑتی ہیں نہتے بچوں کا قتل عام نہیں کرتیں، نہتے بچوں کا قتل حقوق انسانی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا غزہ میں ہونے والے واقعات کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورتحال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جاسکے گا، غزہ میں نے والی نسل کشی کے خلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔