اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےاسپیشل پیکج کااعلان کرنے والے ہیں،ہر طرح کی رکاوٹ ختم کریں گے تاکہ ترسیلات زرمیں اضافہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے طویل ملاقات ہوئی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےاسپیشل پیکج کااعلان کرنےوالے ہیں تاکہ ترسیلات زرپاکستان بھیجنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ، ہم تمام مشکلات حل اور طریقہ کارکوآسان بنارہے ہیں فلپائن کی مثال سامنےہے انہوں نےکامیابی سے کیا کچھ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہرطرح کی رکاوٹ ختم کریں گےتاکہ ترسیلات زرمیں اضافہ ہو، ترسیلات زر20بلین ڈالر سے، 30 یا 40 بلین ڈالر بڑھے گی، ترسیلات زر بینکنگ چینل کے ذریعے آئے گی۔
ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو ملک پہنچنے پرامیگریشن دشواری ختم کریں گے، مشن ہے اوورسیز پاکستانیوں کی دیکھ بھال بہتراندازمیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کا لینڈ مافیا سے تحفظ یقینی بنائیں گے۔