خبرنامہ

یوم استحصال کشمیر: ملک بھر میں تقریب اور ریلیاں، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد:

مقبوضہ جموں و کشمیرکی غیر آئینی طور پر حیثیت بدلنے کا ایک سال مکمل ہوگیا، مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کیخلاف پاکستان بھر میں یوم استحصال منایا جا رہا ہے، قوم شہر شہر قریہ قریہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف مکتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔

کراچی میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف نے سکھر تک ٹرین مارچ کیا، شرکا کشمیر کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، مودی کا بد ترین چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا وزیراعظم نے جو کشمیر کا نقشہ جاری کیا انشااللہ وہی حقیقی نقشہ بنے گا۔

مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

یوم استحصال کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آپ کی تکالیف کا احساس ہے، کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم سے دنیا بے خبر نہیں، نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دوہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا دنیا بھر میں بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوچکا، وزیراعظم بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرائض میں شامل ہے، کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالخلافہ تک لے کر جاؤں گا، غاصبوں کو غلط فہمی کہ جبر سے کشمیریوں کی آواز دبالیں گے،4 ماہ کے لاک ڈاؤن سے دنیا کی چیخیں نکل گئیں۔