خبرنامہ

1500 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 15 ہزار روپے ہو گئی

لاہور:

ملک بھر میں مسلسل کاروباری تیسرے روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے گا، صرافہ مارکیٹوں میں قدر 1500 روپے بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 31ڈالر کی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعدعالمی منڈی میں سونا 18سو 56ڈالر فی اونس ہوگیا۔

دوسری طرف بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، سکھر، حیدر آباد، گوجرانوالہ سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 1500 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 15 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

اُدھر فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 286 روپے کا اضافہ دیکھنے کو ملا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 98 ہزار 594 روپے ہو گئی ہے۔

آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند کا کہنا ہے کہ اس وقت سونے کی عالمی قمیت فی اونس اٹھارہ سو ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بہت سے ملک اور عالمی مالیاتی اداروں کا بھی سونے میں سرمایہ کاری کرنے کا امکان ہے۔ آنے والے چند مہینوں سونے کی عالمی سطح پر قیمت دو ہزار ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے اور اسی بنیاد پر پاکستان میں بھی اس کی قیمت میں اضافہ ہو گا۔