خبرنامہ

پاورجنریشن کا نظام مزید مضبوط اورفعال بنایا جائے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لیے بھی بروقت اقدامات اٹھائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے شرکت کی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پاور جنریشن اورمینجمنٹ کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاورجنریشن کا نظام مزید مضبوط اورفعال بنایا جائے، صوبے میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لیے بھی بر وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس میں دوٹوک اعلان کیا تھا کرپٹ عناصرکے لیے کوئی رعایت نہیں، حکومت نے 100 روزمیں شانداراقدامات کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیرکا منصوبہ انقلابی قدم ہے، ہرحال میں مکمل کریں گے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔