خبرنامہ

19 نومبر کو نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کی تیاریاں مکمل

19 نومبر کو نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کی تیاریاں مکمل
احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لاہور میں موجود جائیداد 19 نومبر کو نیلام کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اپنے ذیلی دفاتر سمیت مختلف مقامات پر اشتہار لگانے شروع کردیئے ۔گز شتہ روز جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی لاہور کے علاقے 135 اپرمال پر موجود جائیداد 19 نومبر کو نیلام کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کی زیر صدارت اجلاس میں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے انتظامات کو مکمل کیا گیا۔ مذکورہ پراپرٹی کو رواں سال اپریل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی غیرمنقولہ جائیدادکی نیلامی کا حکم دیا تھا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کی جائیداد نیلامی کے معاملے پر نیب نے احتساب عدالت نمبر 3 میں درخواست دائر کی تھی۔ نیلامی کا یہ عمل اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان رانجھا کے آفس میں ہوگا۔ کینٹ ڈویژن کے تحصیل دار اور کانو گو نے 20 بینرز تمام تحصیلوں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ، ٹاءون ہال اور مذکورہ پراپرٹی پر لگانا شروع کر دیئے ہیں ذرائع کا بتانا ہے کہ نیلامی کی آگاہی کے تمام بینرز آج رات تک لگانے کے احکامات دیئے گئے ہیں ۔جبکہ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کی انسپکشن ٹیم نیلامی کے لئے لگائے گئے بینرز لگانے کی ویڈیو اور تصاویر بھی بنانے گا ۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کی میڈیا کوآرڈی نیشن ٹیم کے ساتھ بھی تحصیل دار نے ہی کوآرڈینیٹ کرنا ہے۔ جبکہ 18 نومبر کی شب تک ضلعی انتظامیہ کے افسران آکشن کے لئے لگائے جانیوالے سٹیج، ٹینٹ ، کرسیوں سمیت سائونڈ سسٹم اور ویڈیون ریکارڈنگ کے انتظامات بھی مکمل کریں گے تاکہ نیلامی کے سارے عمل کو ریکارڈ کیا جاسکے۔ نیلامی اور بولی کے لئے تمام کاغذات بھی 18 نومبر کی شام تک تیار کیئے جائیں گے اور بولی کے مقام کی سیکورٹی کیلے پولیس سے کوآرڈینیشن بھی کریں گے۔ تاہم اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کینٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور بولی کا عمل مقررہ وقت پر شروع ہوکر کامیاب طریقے سے پراسیس کے تحت مکمل ہوگا۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ مئی میں سابق وزیر اعظم کی 88کنال 4مرلے کی جائیداد کی نیلامی میونسپل کارپوریشن ہال شیخوپورہ میں ہوئی تھی ، جس میں پہلا بولی دہندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور محمدبوٹا نے10 لاکھ کےزرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرایا تھا ، دوسرا بولی دہندہ سرفراز وٹو اور تیسرا بولی دہندہ خرم الیاس نے بھی 10،10 لاکھ زر ضمانت کا چیک کمیٹی کے حوالے کیا۔ جس کے بعد میاں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی گئی اور ایک کروڑایک لاکھ فی ایکڑ کے حساب سے محمد بوٹا نے سب سے زیادہ بولی دی تھی۔ اسی طرح احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم میاں نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا ہے اور ذرائع کے مطابق فروخت کرنےوالی جائیدادوں میں اتفاق فاؤنڈری، حدیبیہ پیپر مل، بخش ٹیکسٹائل مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کےشیئرز بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ لاہوراپر مال کی جائیداد سمیت دیگر زرعی اراضی بھی نیلام کی جائےگی۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کے مطابق نیلامی اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3کے حکم کے مطابق ہوگی ، نیلامی کے لیےکینٹ ٹاؤن ہال سمیت دیگر مقامات پر اشتہار بھی آویزاں کیے جائیں گے۔