خبرنامہ

23 سیاسی جماعتوں کو نشان الاٹ ، استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کی پیشکش

23 سیاسی جماعتوں کو نشان الاٹ ، استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کی پیشکش

الیکشن کمشن میں سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی درخواستوں پر سماعت کے دوران 23سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ممبر الیکشن کمشن نثار درانی کی زیر صدارت 4 رکنی کمشن نے سیاسی جماعتوں کو آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت الیکشن کمشن کی جانب سے استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کا انتخابی نشان تجویز کیا گیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے شاہین کا نشان مانگا ہے، جو پہلے سے آل پاکستان مسلم لیگ کے پاس ہے۔ ممبر الیکشن کمشن نے استحکام پاکستان پارٹی کے نمائندے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چڑیا کا نشان لے لیں، یہ بھی شاہین کی طرح پرندہ ہی ہے۔ بعد ازاں الیکشن کمشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو شاہین کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن تاحال زیر التوا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریں اثنا الیکشن کمشن نے پیپلز پارٹی کو تلوار کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا۔ جے یو آئی (ف) کو کتاب، رابطہ جمعیت اسلام کو انگوٹھی، پیپلز مسلم لیگ کو کپ، کسان اتحاد کو بالٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کو چاند، پاکستان عوامی لیگ کو ہاکی اور پاکستان تحریک انسانیت کو چاقو کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان امن تحریک کو میزائل، تحریک تحفظ پاکستان کو پستول، پاکستان پیپلز پارٹی بھٹو شہید کو وکٹری، پاکستان فلاحی تحریک کو واسکٹ، جے یو آئی نظریاتی کو تختی، جدید عوامی پارٹی کو ہیلمٹ، تحریک عوام پاکستان کو ٹیلیفون، پاکستان فلاحی تحریک کو تھرموس اور اللہ اکبر تحریک کو جگ کا نشان الاٹ کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے آل پاکستان مسلم لیگ کے شاہین کے نشان کو انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد سے مشروط کردیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ نے 40 روز کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ اپنے بیان میں نیئر بخاری نے کہاکہ بانی پیپلز پارٹی زوالفقار علی بھٹو شہید کا انتخابی نشان تلوار الاٹ کروا لیا ہے۔نیئر بخاری نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پارٹی کا انتخابی نشان الاٹ ہونا اعزاز ہے۔ ادھر استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا میں انتخابی نشان کے حوالے سے گردش کرتی خبروں پر رد عمل دیتے ہوے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان عقاب ہی ہوگا۔ انشاءاللہ اور ہماری پارٹی اسی نشان کو لے کر ہی میدان عمل میں اترے گی۔
نشان الاٹ