خبرنامہ انٹرنیشنل

آئندہ ایک سال میں داعش کو کچل دیں گے، کیری

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش نے طاقت کے ذریعے مشرق وسطیٰ کا نقشہ تبدیل کرنے کی کوشش کی تاہم اسے آئندہ ایک سال کے دوران کچل دیں گے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ داعش پرانے مراکز سے محروم ہو رہی ہے تاہم وہ نئے اڈوں کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور زیادہ سے زیادہ حملے کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ کا عالمی پلان کامیاب اور نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جان کیری نے کہا کہ ایران جوہری بم تیار نہیں کر سکتا کیونکہ وہ اپنے 98 فیصد افزودہ یورینیم سے دست بردار ہو چکا ہے۔ جان کیری نے خبردار کیا کہ ایران کے جوہری پروگرام پرطے پائے سمجھوتے سے پیچھے ہٹنا انتہائی خطرناک اقدام ثابت ہو سکتا ہے۔شام میں جاری بحران کے بارے میں جان کیری نے کہا کہ بشارالاسد اور ان کے حلیف دانستہ طور پر بحران کو طول دے رہے ہیں، امریکا اب بھی شام کے مسئلے کا فوجی کے بجائے سیاسی حل چاہتا ہے۔