یاموسوکرو(آئی این پی )شدت پسند تنظیم القاعدہ فی المغرب نے آئیوری کوسٹ کے مشہور ساحلی تفریحی مقام گرینڈ باسم پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،حملے میں 2فوجیوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے مشہور ساحلی تفریحی مقام گرینڈ باسم پر شدت پسندوں کے حملے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ ملک کے صدر نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 14 شہری اور دو فوجی اہلکار شامل ہیں۔گزشتہ روز حملے کے بعد جائے وقوع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کارروائی میں چھ حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں خون میں لت پت لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نقاب پوش حملہ آووروں نے پہلے ساحل پر موجود لوگوں پر فائرنگ کی اس کے بعد وہ قریبی ہوٹلوں میں داخل ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آور جو کے بڑی تعداد میں اسلحے سے لیس تھے نے ایٹوائل ڈو سڈ ہوٹل میں موجود مہمانوں پر فائرنگ کی۔گرینڈ باسم نامی یہ ساحلی تفریحی مقام دارالحکومت عابدجان سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یہ مقام مقامی اور غیرملکی افراد میں کافی مقبول ہے۔اس سے پہلے مغربی افریقہ کے دو دیگر ممالک میں بھی لگڑری ہوٹلز پر حملے کیے گئے تھے اور نومبر میں مالی جبکہ جنوری میں برکینا فاسو کو نشانہ بنایا گیا۔