خبرنامہ انٹرنیشنل

آذر بائیجان کا یکطرفہ طور پر سیز فائر کاا علان

آذربائیجان:(آئی این پی )آذربائیجان اور آرمینیا کے فوجیوں کے درمیان علاقائی تنازعے پر جھڑپوں کے بعد آذربائیجان نے یکطرفہ طور پر سیز فائر کا اعلان کردیا ہے۔ آذربائیجان کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا، ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے تشدد کے خاتمے کی اپیل کے بعد ایسا اقدام لیا گیا ہے۔ گذشتہ روز دونوں ملکوں کی فوج میں جھڑپوں میں تیس فوجی ہلاک ہوگئے،فریقین نے اس لڑائی میں مارٹر اور توپ خانے جیسے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ آذربائیجان کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان نے خلوص کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے،تاہم آذربائیجان نے واضح کیا ہے کہ اگر دوبارہ حملہ ہوا تو وہ بھی ردِعمل دیں گے۔