سڈنی: آسٹریلیا کی نیوکاسل یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم پر نسل پرستوں نے بہیمانہ تشدد کیا اور انہیں وطن واپس جانے کے لیے کہا گیا۔
21 سالہ عبد اللہ قیصرانجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے گزشتہ برس فروری میں نیوکاسل آئے تھے۔
دی ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق عبداللہ کو گزشتہ ہفتے کی رات نیوکاسل یونیورسٹی کی لائبریری جاتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نسل پرستوں نے عبداللہ قیصر کی گاڑی کو گھیرلیا، اس دوران ایک خاتون نے اُن سے موبائل فون بھی چھین لیا۔
عبداللہ کے مطابق نسل پرستوں نے اُن سے کہا کہ ‘جاؤ پاکستان جاؤ، تمھارا یہاں سے کوئی تعلق نہیں’۔
اس دوران ایک شخص نے عبداللہ کی ناک پر مکا مارا، جس کے بعد وہ زخمی حالت میں کار ڈرائیو کرکے یونیورسٹی کے جم پہنچے، جہاں انتظامیہ نے انہیں فرسٹ ایڈ دینے کے بعد پولیس، کیمپس سیکیورٹی اور ایمبولینس کو بلوایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے کیپمس گراؤنڈ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مدد لی جارہی ہے، تاہم پولیس نے اس سلسلے میں نسل پرستی کے امکانات کو مسترد کردیا۔