خبرنامہ انٹرنیشنل

آسٹریلیا کے ساتھ آبدوزوں کے معاہدے کی خود نگرانی کروں گا، فرانسیسی وزیراعظم

کینبرا:(اے پی پی) فرانس کے وزیراعظم مینول والز نے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی فرم کی جانب سے آسٹریلیا کیلئے 50 ارب آسٹریلوی ڈالر سے سب میرینز کی تیاری کے معاہدے میں کامیابی پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں گے۔ پیر کو آسٹریلیا کے اچانک دورے پر آمد کے بعد اپنے آسٹریلوی ہم منصب میلکم ٹرن بل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فرانسیسی وزیراعظم نے کہا کہ ان کے ملک کی کمپنی ڈی سی این ایس کی 50 ارب آسٹریلوی ڈالر (39 ارب امریکی ڈالر) کے 12 سب میرینز کے ٹھیکے کے حصول میں کامیابی بہت اہم ہے اس سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا باعث ہوگی اور وہ ذاتی طور پر اس پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان صنعتی و اقتصادی شراکت داری کی مثال ہے۔ اس معاہدے سے دونوں ملک طویل عرصے تک سیکورٹی اور دفاع سمیت متعدد معاملات پر شراکت کے رشتے میں بندھ جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ان کا ملک اس معاہدے کے تحت آسٹریلیا میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے وعدے پورے کرے گا۔اس موقع پر آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے کہا کہ ہم جزیرے پر رہنے والی قوم ہیں اور ہمارے لیے دفاع کی مضبوطی اہم مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرانس کے ساتھ ہماری شراکت داری ہے اور ہم اس کے ساتھ مل کر دفاع سمیت تمام شعبوں کیلئے بہترین ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔