خبرنامہ انٹرنیشنل

آسڑیلیا نےافغانستان میں اپنی خاتون امدادی ورکر کے اغواء کی تصدیق کردی

سڈنی/ کابل(آئی این پی)آسڑیلیا نے افغانستان میں اپنی ایک خاتون امدادی ورکر کے اغواء کی تصدیق کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شواہد جمع کیے جا رہے ہیں کہ آسٹریلوی شہر پرتھ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون امدادی ورکر کو کن حالات میں نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا ہے۔ دوسری جانب ننگر ہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے مطابق آسٹریلوی خاتون جلال آباد میں ایک کشیدہ کاری کے پراجیکٹ کی نگرانی کے لیے گئی تھی کہ اسے نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ خوگیانی کے مطابق اغوا کار پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے۔ اسی طرح ننگرہار کی پولیس کے سربراہ نے بھی اغوا کی اِس واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بدھ کے روز جلال آباد پہنچی تھی۔