سڈنی ۔(ملت+اے پی پی) آسڑیلیا کی وزیر خارجہ جولیا بشپ نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا۔ سیزن سیاستدان جولیا بشپ نے اپنے آن لائن بیان میں اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے وزیر اعظم سکاٹ موریسن کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ ان کی کابینہ میں بطور وزیر خارجہ عہدے سے استعفی دے رہی ہیں۔ 62 سالہ جولیا بشپ نے مزید کہا کہ وہ مغربی آسڑیلیا کی آوازبنتے ہوئے لبرل پارٹی کے بیک بنچوں میں موجود رہیں گی۔ جولیا کے استعفی کے بعد ماریس پین آسڑیلیا کی نئی وزیر خارجہ ہو گی۔ جولیا بشپ پارٹی میں سکاٹ موریسن کے مقابل وزارت عظمی کی امیدوار تھیں تاہم ان کو صرف گیارہ ووٹ ملے جبکہ سکاٹ موریسن 85 ووٹوں کے ساتھ وزارت عظمی کے لئے نامزد ہوئے۔ گذشتہ جمعہ کو اپنے عہدے سے ہٹائے جانے والے سابق آسٹریلوی وزیر اعظم مالکم ٹرن بل نے جولیا کو آسٹریلیا کی تاریخ کی بہترین خارجہ وزیر اور اپنا اچھا دوست قرار دیا ہے۔