خبرنامہ انٹرنیشنل

ابو ظہبی میں شدید بارش،نظام زندگی مفلوج، سکول بند ، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

ابو ظہبی(آئی این پی)متحدہ عرب امارات کے شہرابو ظہبی ، العین اور الغربیہ میں تین دن سے ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی مفلو ج ہوکررہ گیا، سکول بند کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی گئی۔خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں گزشتہ تین روز سے ہونے والی مسلسل بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔شدید بارش مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے شہروں میں وسیع پیمانے پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ بارش کی وجہ سے پیداہونے والی غیر یقینی کی صورتحال کے باعث ابو ظہبی میں سکول بند کردیے گئے ہیں جبکہ لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ابو ظہبی کے دوسرے بڑے شہر العین میں شدید بارش کے بعد امدادی کاموں کیلئے شہری دفاع کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔