خبرنامہ انٹرنیشنل

اتاترک ایئرپورٹ: 3 غیرملکیوں سمیت 13 افراد گرفتار

استنبول: (اے پی پی) اتاترک ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے خودکش بمباروں کی شناخت کے بعد ملک بھر میں چھاپے کے دوران 3 غیرملکیوں سمیت 13 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ استنبول میں خودکش بم حملوں کے بعد خصوصی پولیس فورس کی قیادت میں انسداد دہشت گردی کی ٹیموں نے شہر میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپا مار کارروائیاں کیں جس کے دوران مختلف مقامات سے 3 غیرملکیوں سمیت 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ وہ شام میں داعش کے ارکان سے رابطے میں تھے اور ان پر داعش کے لیے جنگجو بھرتی کرنے،ان کے لیے رقوم کا بندوبست کرنے اور انہیں لاجسٹک مدد دیتے تھے۔ ترک عہدیدار نے اتاترک ایئرپورٹ پر منگل کی شب حملہ کرنے والے 3 غیرملکی خودکش بمباروں کا تعلق روس، ازبکستان اور کرغزستان سے بتایا ہے جن کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے نام اس وقت ظاہر نہیں کئے جاسکتے جب کہ میڈیکل ٹیم حملہ آوروں کی شناخت کا عمل مکمل کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ 28 جون کو 3 خودکش بمباروں نے اتاترترک ائیر پورٹ کے باہر پہلے فائرنگ کی اور پھر ان میں سے دو ٹرمینل کی عمارت میں گھس گئے جہاں 2 بمباروں نے خود کو دھماکوں سے اڑا لیا جس کے بعد تیسرے بمبار نے داخلی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔