ویٹیکن سٹی ۔(ملت+اے پی پی) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے شامی مسلح تنازعے میں اثر و رسوخ کے حامل تمام فریقین سے کہا ہے کہ ادلب میں ممکنہ عسکری کارروائی کے دوران شامی شہریوں کی جان و مال اور انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق پوپ فرانسس نے یہ بات سینٹ پیٹرز سکوائر میں اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہی۔پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ جنگ کی باتیں چل رہی ہیں اور ان تک ایسی رپورٹیں پہنچی ہیں کہ شامی صوبے ادلب میں ایک انسانی المیہ رونما ہونے کو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں دلی طور پر بین الاقوامی برادری اور شامی مسلح تنازعے میں ملوث تمام فریقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سفارت کاری بروئے کار لاتے ہوئے مکالمے اور مذاکرات پر زور دیں تاکہ عام شہریوں کی جان کی حفاظت اور ان کے انسانی حقوق کا احترام ممکن ہو سکے۔ اقوام متحدہ نے یہ تنبیہ کی ہے کہ ادلب میں جنگ کی صورت میں شامی فورسز اور باغیوں کی جانب سے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جا سکتے ہیں۔