خبرنامہ انٹرنیشنل

اردگان کے بیٹے پرمنی لانڈرنگ کا الزام

روم: (اے پی پی) روم اور انقرہ کے درمیان ان دنوں کڑی تنقید کا تبادلہ ہورہا ہے۔ یہ صورت حال ترک صدر رجب طیب اردگان کے بیٹے پر منی لانڈرنگ کے الزام میں اٹلی کی تحقیقات ک حوالے سے سامنے آئی ہے۔اٹلی کے سرکاری ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں ایردوآن نے آگاہ کیا کہ شمالی شہر بولونیا (جہاں بلال زیرتعلیم تھا) میں ہونے والی تحقیقات سے دو طرفہ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ” اگر اس وقت بلال اٹلی واپس آیا تو ممکن ہے کہ اس کو گرفتار کرلیا جائے۔ اس سے اٹلی کے ساتھ ہمارا تعلق بھی مشکلات سے دوچار ہوسکتا ہے۔ترک صدر کا 35 سالہ بیٹا بلال ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے2015 میں اٹلی گیا تھا۔ یہ بات واضح نہیں ہے کہ وہ اٹلی سے کب روانہ ہوا تاہم عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصہ پہلے ترکی لوٹ گیا تھا۔ بلال کی جانب سے کسی بھی غلطی کے ارتکاب کی تردید کی گئی ہے۔اردگان نے انٹرویو کے دوران دوٹوک انداز میں کہا کہ اٹلی کو چاہیے کہ وہ مافیا پر توجہ دے میرے بیٹے پر نہیں۔اردگان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے اٹلی کے وزیراعظم ماتیو رینتسی نے باور کرایا ہے کہ اٹلی کا اپنا خودمختار عدالتی نظام ہے اور اس کے جج اٹلی کے آئین کے پابند ہیں ترک صدر کے نہیں۔