اسامہ بن لادن کا محافظ جرمنی میں سرکاری مراعات کے ساتھ مقیم، میڈیا
برلن:(ملت آن لائن) القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا محافظ جرمنی میں مقیم ہے جہاں اسے حکومت کی جانب سے ماہانہ 1168 یورو وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ تیونس سے تعلق رکھنے والا شخص ’’سمیع اے‘‘ 1997 سے اپنی جرمن اہلیہ اور چار بچوں کے ہمراہ جرمنی کے شہر بوچم میں رہائش پذیر ہے جہاں حکومت کی جانب سے اسے 1168 یورو وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ یہ اطلاع مقامی حکومت نے دائیں بازو کی جماعت کی جانب سے ایک شہری ’’سمیع اے‘‘ کے بارے میں پوچھی گئی معلومات کے جواب میں دی۔ تاہم علاقائی حکومت نے مذکورہ شخص کی مکمل شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ مذکورہ شخص نے جہادیوں سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے اپنے آبائی ملک جانے سے انکار کردیا ہے کیوں کہ اسے تیونس میں تشدد کا نشانہ بنایا جانے کا خدشہ ہے حتیٰ کہ وہاں اسے جان کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ حکومتی ریکارڈ کے مطابق مذکورہ شخص نے 1999 میں جرمنی کی رہائش کا عبوری اجازت نامہ حاصل کیا تھا جس کے بعد ٹیکنالوجی کے حوالے سے متعدد کورسز بھی کیے اور 2005 میں جرمنی کے شہر بوچم منتقل ہوا۔ 2007 میں پناہ کی درخواست مسترد کر دی گئی کیونکہ حکام نے انھیں سیکیورٹی کے حوالے سے خطرہ قرار دیا تھا۔ جس کے بعد سے مذکورہ شخص کو ہر روز مقامی تھانے میں حاضری لگانی پڑتی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں 2005 میں ایک مقدمے میں مذکورہ شخص کو اسامہ بن لادن کے محافظ کے طور پر ایک مقامی شخص نے شناخت کیا تھا جس کے بعد سمیع اے کے القاعدہ کے ساتھ روابط کی تفتیش کی گئی تاہم ان پر تاحال کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔