واشنگٹن:(آئی این پی)امریکی انٹیلی جنس القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی وصیت منظر عام پر لے آئی ہے جس میں انھوں نے اپنی موت کے بعد ملکیت کو خرچ کرنے کا طریقا درج کر رکھا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فورسز اسامہ بن لادن کو مقابلے میں ہلاک کرنے کے بعد اپنے ساتھ ان کے خطوط اور دیگر اشیاء بھی لے گئی تھیں، انھی میں شامل 113 خطوط کو امریکی انٹیلی جنس حکام بن لادن کی وصیت کی حیثیت دیتے ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ 1990 کی دہائی کے آغاز میں لکھے گئے اسامہ کا خط کے بارے میں پتہ چلتا ہے جس میں تحریر ہے کہ سوڈان میں اسامہ بن لادن کے 29 ملین ڈالرز کے اثاثوں کو کس طرح تقسیم کیا جائے۔خط میں تحریر ہے کہ 29 ملین ڈالرز کا ایک فیصد القاعدہ کے ایک سینئر عسکریت پسند محفوظ ولد ولید کو دیا جائے۔ 15 اگست 2008ء کو تحریر کیے گئے ایک خط میں بن لادن نے تحریر کیا کہ اگر اس کا انتقال پہلے ہو جاتا ہے تو اس کے والد اس کے بچوں اور بیوی کا خیال رکھیں۔