خبرنامہ انٹرنیشنل

استنبول میں صدررجب طیب اردگان کی قیادت میں ریلی، لاکھوں افراد کی شرکت

انقرہ:(اے پی پی) ترکی کے شہر استنبول میں ناکام فوجی بغاوت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے ریلی نکالی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ ترکی کے شہر استنبول میں ناکام فوجی بغاوت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے ریلی نکالی جسے ’’جمہوریت اورشہدا‘‘ کا نام دیا گیا اوراس میں ترک وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی، ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھارکھے تھے جب کہ شرکا صدر رجب طیب اردگان کی حمایت میں نعرے بھی لگاتے رہے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ عوام نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کے لیے بہت طاقتور ہیں اورترک عوام کو اپنے اوپر فخر ہونا چاہیے کیوں کہ ہر شہری صرف اور صرف آزادی اور جمہوریت کے لیے لڑا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم جلاوطن رہنما فتح اللہ گولن کو ترکی میں لاکر فوجی بغاوت کے الزام میں سزا دی جائے گی جب کہ ترک آرمی کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوجی بغاوت کے پیچھے چھپے غداروں کو سامنے لاکر سزا دی جائے گی۔ گزشتہ ماہ ترکی میں فوج کے ایک باغی گروپ نے اقتدار پر قبضے کی کوشش کی جسے ترک صدر کی اپیل پر عوام، پولیس اور جمہوریت پسند فوج نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا جب کہ بغاوت کے دوران 104 پولیس اہلکاروں سمیت265 افراد ہلاک اور 1500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔