خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیلی فوج کی جارحیت؛یورپی یونین کےموبائل شیلٹرمسمارکردیئے

مقبوضہ بیت المقدس(آن لائن)اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران یورپی یونین کی جانب سے فلسطینیوں کو دیے گئے موبائل شیلٹر مسمار کر دیے، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مکان کی چھت سے محروم ہو گئے ہیں۔ ادھر غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں قابض فوج نے ایک دوسری کارروائی میں فلسطینیوں کا ایک زرعی فارم مسمار کر دیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق قابض فوج نے علی الصباح مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کالونی میں جبل البابا کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والے سات شیلٹر مسمار کردیے۔ یہ شیلٹر بے گھر افراد کو یورپی یونین کے ممبر مماک کی جانب سے فراہم کیے گئے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا اسرائیلی فوجیوں اور اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں کے ہمراہ بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کے عہدیداروں نے جبل البابا کا محاصرہ کیا اور فلسطینی شہریوں کو ان کے عارضی گھروں سے نکالنے کے بعد بلڈوزروں کی مدد سے انہیں مسمار کر دیا۔ ان شیلٹروں میں متعدد فلسطینی بدو خاندان رہائش پذیرتھے۔خیال رہے کہ جبل البابا کے مقام پر فلسطینیوں کے شیلٹروں کی مسماری کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی قابض فوج یہاں پر عارضی طور پر رہائش اختیار کرنے والے فلسطینیوں کو بے گھر کرتی رہی ہے۔ یہاں پرآباد ہونے والے فلسطینی سنہ 1948ء کو قیام اسرائیل کے وقت ھجرت کر کے یہاںآئے تھے۔ جبل البابا میں عارضی طور پر رہائش اختیار کرنے والے کل 56 خاندانوں کے 300 افراد رہائش پذیر ہیں۔ یہ شہری اپنی جگہیں بدلتے رہتے ہیں۔