خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینیوں کی حمایت کو یورپی ممالک کی اسرائیل کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا

مقبوضہ بیت المقدس ۔ (ملت آن لائن) اسرائیلی وزیر دفاع ایوگدور لبرمان نے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کے مظالم کی مخالفت کو یورپی ممالک کی اسرائیل کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے یورپی ممالک کے سفیروں کو ارسال کئے گئے مکتوب میں بیت المقدس کے نواحی علاقے الخان الاحمر میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے گھروں کی مسماری کی مخالفت کو اسرائیل کے اندرونی معاملات میں مداخلت قراردیا ہے۔عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لبرمان نے 8 یورپی ملکوں کے سفیروں کو مکتوبات ارسال کئے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ الخان الاحمر کی مسماری اور وہاں سے فلسطینیوں کی بے دخلی پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔ یہ اسرائیل کا اندرونی معاملہ ہے۔عبرانی ریڈیو کے مطابق لائبرمین نے فرانس، سویڈن، جرمنی، بیلجیم، ہالینڈ، اٹلی،پولینڈ اور برطانیہ کے سفیروں کو مکتوبات ارسال کیے ہیں۔واضح رہے کہ الخان الاحمر بیت المقدس کا ایک نواحی قصبہ ہے جسے مسمار کرنے کے لیے اسرائیل متعدد بار اس پرچڑھائی کرچکا ہے۔اس قصبے میں 200 کے قریب فلسطینی آباد ہیں اور اسرائیل طاقت کے ذریعے انہیں وہاں سے بے دخل کرکے ان کی جگہ یہودیوں کو بسانا چاہتا ہے۔