خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل سےبات چیت ممکن نہیں:فلسطینی وزیراعظم

رام اللہ:(اے پی پی) فلسطینی اتھارٹی کی حکومت نے اسرائیل کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے مشرق وسطی میں امن کے لئے براہ راست مذاکراتی عمل کو اہم قرار دیا تھا۔ فلسطینی وزیر اعظم رامی حمداللہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب مانوئل والس سے ملاقات کے بعد کہا کہ اب وقت کم رہ گیا ہے اور نیتن یاہو وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اب بین الاقوامی برادری سے فرار ممکن نہیں۔واضح رہے کہ مشرق وسطی میں قیام امن کے سلسلے میں فرانسیسی حکومت 3 جون کو وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس کی میربانی کرے گی۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔اس اجلاس کے بعد رواں برس موسمِ خزاں میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں اسرائیل اور فلسطین کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد امن مذاکرات کی بحالی ہے۔