خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل سے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی، ایران

اسرائیل سے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی، ایران

تہران:(ملت آن لائن) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی۔ خامنہ ای نے کہاکہ جابر ملک (اسرائیل) سے مذاکرات کی کوشش ناقابلِ معافی غلطی ہو گی جو فلسطینیوں کی فتح کو پیچھے دھکیل دے گی۔ تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مزاحمت کی تحریک کی حمایت کریں اور یہ کہ ایران فلسطینی شدت پسند تنظیم حماس کی مدد جاری رکھے گا۔ دو روز قبل دی ایٹلانٹک سے بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے متنازع خطے پر اسرائیلی اور فلسطینی دعوؤں کو برابر قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پرامن ریاست میں رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو اپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے۔ مگر ہمیں نارمل تعلقات اور سب کے لیے استحکام کے لیے ایک امن معاہدے کو یقینی بنانا ہو گا۔‘ سعودی ولی عہد کے اس بیان کے بعد ان کے والد شاہ سلمان نے سعودی عرب کی فلسطینی ریاست کے لیے حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ جبکہ اپنے بیان میں خامنہ ای نے مسلمان ملکوں پر زور دیا کہ وہ مل کر اسرائیل کو شکست دیں۔ واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کا یہ بیان سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس بیان کے چند روز بعد آیا جس میں ولی عہد نے ایک امریکی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنی زمین پر امن سے رہنے کا حق حاصل ہے۔ سعودی عرب اسرائیل کو سرکاری طور پر تسلیم نہیں کرتا مگر محمد بن سلمان کی اس بات کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی علامت قرار دیا گیا تھا۔